بلوچستان کے ضلع زیارت کے مغوی اسسٹنٹ کمشنر کے بیٹے مستنصر بلال کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
کمشنر سبی ڈویژن اور مغوی اسسٹنٹ کمشنر کے ایک قریبی رشتہ دار نے مستنصر بلال کی بازیابی کی تصدیق کی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر زیارت افضل باقی اور ان کے بیٹے کو رواں سال دس اگست کو ضلع زیارت کے ایک سیاحتی مقام زیزری سے نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کیا تھا۔
مسلح افراد نے گاڑی کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ کمشنر کے گن مین کو چھوڑ دیا تھا تاہم انھیں اور ان کے بیٹے کو اغوا کرکے نامعلوم مقام کی جانب لے گئے تھے جبکہ ان کی گاڑی کو نذرآتش کر دیا گیا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر کے بیٹے مستنصر بلال گزشتہ شب بازیاب ہوئے۔ ضلع زیارت انتظامی لحاظ سے سبی ڈویژن کا حصہ ہے۔
کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے مستنصر بلال کی بازیابی کی تصدیق کی۔
اسسٹنٹ کمشنر کے بھائی عبدالمجید نے بھی اپنے بھتیجے کی بازیابی کی تصدیق کی ہے۔ تاہم انھوں نے بتایا کہ تاحال ان کو ابھی تک گھر نہیں پہنچایا گیا۔ تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اسسٹنٹ کمشنر کے بیٹے کی بازیابی کس طرح ممکن ہوئی۔
چند روز قبل سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں بھی تھیں کہ اسسٹنٹ کمشنر کو اغوا کاروں نے قتل کر دیا ہے۔ تاہم حکام نے ان کی تردید کی تھی۔