ضلع کیچ میں ایک شخص قتل ، ایک کی خودکشی ،مستونگ سے لاش برآمد

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ میں ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ہے ۔اسی طرح تربت کے علاقے ڈگار کہن میں ایک نوجوان نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔جبکہ مستونگ سے ایک لاش برآمدہوئی ہے۔

تمپ سے آمدہ اطلاعات کے مطابق ایران سے شادی کے لیے آنے والے شخص کومسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت بہرام ولد گنگزار سکنہ سراوان ایران کے نام سے ہوگئی ہے جواپنے رشتہ دار گہرام سکنہ کلاتک کے گھر شادی میں شرکت کے لیے آیا ہوا تھا۔

مقامی ذرائع کا کہنا تھا کہ مقتول بازار میں موجود تھا کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے اس پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں بہرام موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا۔

واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

جبکہ فائرنگ کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔

دوسری جانب تربت کے علاقے ڈگار کہن میں پیرجان ولد عبدالحمید نامی ایک نوجوان نے بدھ کی صبح مبینہ طور پر اپنے سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی۔

نوجوان کو فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال پہنچایا گیا۔

ہسپتال حکام کے مطابق ضروری قانونی اور طبی کارروائیوں کے بعد میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

مقامی پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ خودکشی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی اور واقعے کی مزید تفصیلات حاصل کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔

علااہ ازیں مستونگ کے علاقے ولی خان سے ایک شخص کی لاش برآمدہوئی ہے۔
~
برآمد لاش کو شناخت کے لیے سول اسپتال کوئٹہ کے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

Share This Article