بلوچستان میں 100کلو بوری آٹا کی قیمت 9ہزار تک پہنچ گئی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

چمن سمیت بلوچستان بھر میں آٹے کی قیمت رواں سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

بلوچستان میں پچھلے 10 روز کے دوران 7 ہزار روپے تک دستیاب 100کلو بوری کی قیمت میں 2ہزار روپے اضافے کے ساتھ ایک بوری 9ہزار روپے کی ہوگئی۔

چمن میں ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق پنجاب ملز آٹے کی 6ہزار 900 روپے میں دستیاب 100 کلو بوری کی قیمت 2 ہزار روپے اضافہ کے ساتھ اب 8ہزار 900 روپے ہوگئی۔

اسی طرح مقامی فلور ملز کا 7ہزار 200 روپے میں دستیاب 100 کلو بوری فائن آٹا اب 9ہزار 150 روپے میں مل رہا ہے۔

ڈیلرز کا کہنا ہے کہ سندھ پنجاب میں طوفانی بارشیں، گندم کی قیمت میں اضافے سمیت کئی وجوہات کو جواز بناکر مل مالکان خودساختہ اضافہ کر رہے ہیں۔

فلور ایسوسی کا کہنا ہے کہ اوسط قیمت میں اضافے کا رجحان صرف چمن تک محدود نہیں بلکہ صوبے بھر میں ہے۔ یہی رجحان رہا تو اگست کے اختتام تک آٹے کی قیمت میں مذید اضافے کا امکان ہے۔

دوسری جانب پشاور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 550 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد 20 کلوآٹے کا تھیلا 1850 روپے کا ہوگیا۔

اس کے علاوہ لاہور میں ایک من گندم 300 روپے کے اضافے کے بعد 3 ہزار ایک سو روپے کی ہوگئی ۔ آئندہ چند روز میں آٹے کی قیمت بھی بڑھنے کا خدشہ ہے۔

Share This Article