ایرانی فوج نے کل رات کے اسرائیلی حملوں میں مزید 2 فوجیوں کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے جس سے ہلاکتوں کی کل تعداد چار ہو گئی ہے۔
ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں پاسدارنِ انقلاب نے کہا ہے کہ پہلے جن دو سپاہیوں کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی تھی ان کے علاوہ دو اور فوجی سجاد منصوری اور مہدی ناغاوی بھی ان حملوں میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ایڈمرل ڈینیئل ہیگاری نے ایران سے کہا تھا کہ وہ جوابی کارروائی نہ کرے اور ’اگر ایران کی حکومت نے کشیدگی کا نیا دور شروع کرنے کی غلطی کی تو ہم جواب دینے کے پابند ہوں گے۔‘
انھوں نے کہا ’ہمارا پیغام واضح ہے وہ تمام لوگ جو اسرائیل کی ریاست کو دھمکیاں دیتے ہیں اور خطے کو وسیع تر کشیدگی کی طرف گھسیٹنا چاہتے ہیں انھیں بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔‘
ایران کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے حملے کا کامیابی سے مقابلہ کیا گیا ہے لیکن کچھ مقامات پر محدود نقصان ہوئے ہیں۔
ایران میں سنیچر اور جمعے کی درمیانی شب اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد کئی ایرانی شہروں سے کئی ویڈیوز پوسٹ کی گئیں۔
اگرچہ رات کے وقت ایران کے حملے سے متعلق شائع مواد کی تصدیق کرنا مشکل ہے کیونکہ اندھیرے کے باعث مقام کی شناخت مشکل ہو جاتی ہے۔
دوسری جانب ایران کے سرکاری میڈیا نے حملے کا نشانہ بننے والے تین مقامات کی تصدیق کی ہے۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل کے حملوں نے تہران میں فوجی اڈوں کے ساتھ ساتھ مغربی صوبے الام اور جنوب مغربی خوزستان کے مقامات کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیل نے اپنے بیان میں ایرانی ملٹری سائٹس پر راتوں رات مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ حملوں کے بیان میں حملے کا نشانہ بننے والے مقامات کی تصدیق نہیں کی تھی۔
دوسری جانب ایران کی فضائی دفاعی افواج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملوں کا کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا گیا جبکہ کچھ مقامات پر محدود نقصان ہوا۔