پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر صوابی میں پولیس تھانے کے اندر دھماکے سے ایک شخص ہلاک اور 23 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں سے بیشتر پولیس اہلکار ہیں۔ مزید یہ کہ دھماکے کی نوعیت معلوم کی جا رہی ہے تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق یہ دھماکہ تھانے میں موجود بارودی مواد سے ہوا ہے۔ دھماکے کی وجہ سے پولیس سٹیشن کی عمارت کے سامنے والے حصے کو نقصان پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ صوابی کے جس پولیس سٹیشن میں دھماکہ ہوا ہے یہ شہر کے ایک گُنجان آباد اور بلند مقام پر واقع ہے۔
صوابی میں ریسکیو 1122 کے اہلکار محمد لقمان نےمیڈیا کو بتایا کہ انھیں کنٹرول پر اطلاع موصول ہوئی تھی کہ تھانے میں آگ لگی ہے جس پر وہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے تھے۔ تاہم یہاں آگ کے علاوہ تھانے کی عمارت کا بڑا حصہ منہدم ہو چُکا تھا جس پر ایمبولینسز اور دیگر گاڑیاں بھی طلب کر لی گئیں۔
باچا خان میڈیکل کمپلیکس کے ترجمان رحم خان یوسفزئی کے مطابق ان کے ہسپتال میں 8 زخمی لائے گئے ہیں جن میں 2 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے ایک کو آئی سی یو اور دوسرے کو آپریشن تھیٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ باقی افراد کو زیادہ زخم نہیں آئے تاہم تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں دو حوالاتی اور ایک راہگیر شامل ہے۔