ایران کا بلوچستان کے شہر پنجگور پر میزائل حملہ ، 2 بچے ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے پاکستان کے زیر قبضہ بلوچستان کے شہر پنجگور میں موجود عسکریت پسند تنظیم جیش العدل کے ٹھکانے پر حملہ کیا ہے۔

بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع پنجگور میں ایران کی جانب سے فائر کیئے جانے والے میزائل سبزکوہ کے علاقے میں گرے ہیں۔

کمشنر مکران ڈویژن سعید عمرانی نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں ہونے والے نقصان کے بارے میں تفصیلات اکھٹی کی جارہی ہیں تاہم اب تک وہاں دو بچوں کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے۔

پنجگور میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ جس علاقے میں یہ میزائل گرے ہیں وہ آبادی والا علاقہ ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سبزکوہ پنجگور شہر سے اندازاً 90 کلومیٹر دور ایران کے سرحد کے قریب واقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حملے میں دو بچوں کی ہلاکت کے علاوہ بعض افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستان میں جیش العدل کے دو ہیڈ کوارٹرز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ مذکورہ حملہ جیش العدل کیمپ پر پنجگور رائفلز کے علاقے سبز کوہ، چیدگی سیکٹر میں ہوا۔

یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران وزیرِ خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے پاکستان کے نگراں وزیراعظم انور کاکڑ سے سوئٹزرلینڈ میں ملاقات کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق چند گھنٹے قبل پاسداران انقلاب نے بلوچستان کی سرحد پر ایک گاؤں کو اپنے میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

جیش العدل ایک سنی مذہبی بلوچ عسکریت پسند گروہ ہے جس کی ابتدا ایران کے زیر قبضہ بلوچستان سیستان سے ہوئی تھی۔

بعض ذرائع یہ بھی دعویٰ کرتے ہیں کہ اس کے پیچھے پاکستانی فوج ہے کیونکہ پاکستان کے زیر قبضہ بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں جیش العدل کے عسکریت پسندوں کو باقاعدہ فوجی کیمپوں میں جاتا دیکھا گیا ہے ۔

پاکستان نے ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی اور پاکستانی حدود کے اندر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملے کے نتیجے میں دو معصوم بچے مارے گئے اور تین لڑکیاں زخمی ہوئی ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق ’پاکستان کی خودمختاری کی یہ خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ اس سے بھی زیادہ تشویش کی بات یہ ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے کے متعدد ذرائع موجود ہونے کے باوجود یہ غیر قانونی عمل ہوا ہے۔‘

Share This Article
Leave a Comment