Site icon Daily Sangar

انسانی حقوق کارکن طیبہ بلوچ کا والد قتل،خضدار ، کوئٹہ و کیچ سے 2 لاشیں برآمد،ایک شخص لاپتہ

انسانی حقوق کے سرگرم کارکن طیبہ بلوچ کے والد کو کیچ میں قتل کردیا گیا جبکہ خضدار و کوئٹہ سے 2لاشیں برآمد اورکیچ سے ایک شخص کو جبری طور پر لاپتہ کردیا گیا۔

آمدہ اطلاعات کے مطابق کیچ کے مرکزی شہر تربت سنگانی سر کے مقام پر معروف سیاسی و انسانی حقوق کے کارکن اوربلوچ ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے سابقہ وائس چیئرپرسن طیبہ بلوچ کے والد حنیف چمروک کو نامعلوم مسلح افراد نے گھر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

طیبہ بلوچ کے والد کو گزشتہ شب کیچ کے مرکزی کے علاقے تربت سنگانی سر کے مقام اس وقت نامعلوم مسلح افراد نے قتل کیا جب وہ گھر کے باہر اپنے دوستوں کے ہمراہ بیٹھے ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ طیبہ بلوچ، بلوچ ہیومن رائٹس کے سرگرم کارکن ہیں اورانتہائی متحرک رہے ہیں،بلوچستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے وہ ایک توانا آواز کی حیثیت سے پہچان رکھتی ہیں اور ان کے خاندان بھی بلوچ قومی تحریک سے وابستگی رکھتاہے،بتایا جارہاہے کہ طیبہ بلوچ کے والد کو تحریک سے وابستگی کی بنا پر قتل کیا گیا۔

اسی طرح بلوچستان کے ضلع خضدار اور دارالحکومت کوئٹہ سے دو افراد کی لاشیں ملی ہےں جن میں سے کی ایک شناخت ہوگئی جبکہ دوسرے کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

اطلاعات کے مطابق خضدار کے علاقے زہری میں لیویز حکام کو اطلاع ملی کہ بدوکشت گڈ میدان کے مقام پر ایک نامعلوم شخص کی لاش پڑی ہے جس پر لیویز لائن آفیسر کی سربراہوئی میں لیویز فورس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لیا گیا۔

حکام کے مطابق لاش کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی شناخت خیر محمد ولد دین شیخ سکنہ نورگامہ زہری کے نام سے ہوئی ہے ۔

لیویز نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا۔

دریں اثنا دارالحکومت کوئٹہ میں مین سٹی نالے سے ایک شخص کی لاش برآمد کرلی گئی ہے۔

منگل کو کوئٹہ کے مین سٹی نالے سے ایک شخص کی نعش برآمد کرکے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد شناخت کے لئے ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھوادی گئی۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق شخص نشے کا عادی لگ رہا ہے تاہم اس سلسلے میں مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔

جبکہ کیچ کے علاقے گومازی سے پاکستانی فوج نے ایک شخص کو حراست میں لے کر فوجی کیمپ منتقل کردیا ہے۔

فوج کے ہاتھوں حراست بعد لاپتہ ہونے والے شخص کی شناخت دینار ولد حیدر کے نام سے ہوئی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج نے مذکورہ شخص کو نائی کے دوکان سے حراست میں لے کر فوجی کیمپ مقام منتقل کردیا ہے۔

Exit mobile version