میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ یہ دونوں ملاقاتیں محمد زبیر کی درخواست پر ہی ہوئی تھیں اور ان میں آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل فیض بھی موجود تھے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سندھ کے سابق گورنر محمد زبیر نے برّی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپنی جماعت کے قائد نواز شریف اور ان کی بیٹی اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے حوالے سے دو ملاقاتیں کی تھیں۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ محمد زبیر اگست کے آخری ہفتے اور پھر رواں ماہ کی سات تاریخ کو جنرل باجوہ سے ملے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں ملاقاتیں محمد زبیر کی درخواست پر ہی ہوئی تھیں اور ان میں فوج کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض بھی موجود تھے۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ ’دونوں ملاقاتوں میں انھوں نے میاں نواز شریف صاحب اور مریم نواز صاحبہ کے حوالے سے ہی بات چیت کی۔’ ترجمان کا مزید کہنا تھا: ‘ان ملاقاتوں میں جو بھی بات چیت ہوئی، آرمی چیف نے ان پر واضح کر دیا کہ جو بھی ان کے قانونی مسائل ہیں وہ پاکستان کی عدالتوں میں حل ہوں گے اور جو سیاسی مسائل ہیں ان کا حل پارلیمنٹ میں ہوگا، ان معاملات سے فوج کو دور رکھا جائے۔’