Site icon Daily Sangar

رضا جہانگیر و امدا بجیر کی شہادت نے بلوچ قومی تحریک کو توانائی بخشی ، بی ایس او آزاد

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی ترجمان نے تنظیم کے سابق جنرل سیکرٹری شہید رضا جہانگیر اور بی این ایم کے ممبر امداد بجیر کو انکی ساتویں برسی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید رضا جہانگیر اور امداد بجیر کی شہادت نے بلوچ قومی تحریک کو مشکل حالات میں توانائی دیکر نوجوانوں کی امید اور آرزوں کو زندہ رکھا۔

ہر قوم کو اپنے بقاء اور ہر تحریک کو نمود بخشنے کے لئے شہید رضا جہانگیر اور شہید امداد بجیر جیسے نوجوانوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

ترجمان نے مذید کہا کہ جو لوگ زندگی جیسی نعمت کو مقصد اور وطن کی خاطر قربان کرنے کا فن جانتے ہیں وہی لوگ تاریخ کا دھارا بدل سکتے ہیں اور وہی لوگ حیات جاوداں پالیتے ہیں۔ایسے کرداروں کی مثال عصر حاضر میں ملنا مشکل ہے۔شہید رضا جہانگیر اور امداد بجیر کا کردار بلوچ قوم تحریک میں مثالی تھا اور اپنے مثالی کردار کی بدولت نوجوانوں کے ذہنوں اور دلوں میں ان کا نقش تا ابد قائم و دائم رہے گا۔

رضا جہانگیر پختہ نظریات کے علمبردار تھے جنہوں نے نظریاتی بنیادوں پر بلوچ نوجوانوں کو بی ایس او آزاد کے پلیٹ فارم پر منظم کیا ہے۔ انہوں نے ہر تکلیف اور مصائب کو شکست فاش دیکر بلوچ سماج میں آزادی اور وطن دوستی کا پرچار اپنی شہادت تک کرتے رہے۔ جب بی ایس او آزاد پر ریاستی کریک ڈاون کا آغاز ہوا متعدد لیڈران کی کارکنان سمیت ماروائے عدالت گرفتاریوں اور مسخ شدہ لاشوں کی برآمدگیوں کا سلسلہ شروع ہوا تو رضا جہانگیر بلا کسی خوف وخطر تنظیمی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے میں پیش پیش رہے اور پورے بلوچستان میں اپنے قائدانہ صلاحیتوں کے بدولت تنظیم کو منظم و متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کیا وہ بلوچ نوجوانوں کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ٍشہید امداد بجیرسیاسی جہدکار، ادیب و کالم نگار تھے جنہوں نے سیاست، سماجی، تاریخ اور دیگر موضوعات پرتحقیقی و تخلیقی مضامین لکھے ہیں۔ امداد بجیر نے بی این ایم کے پلیٹ فارم سے اپنی سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا۔ بلوچ نوجوانوں کو علم دوستی کی جانب راغب کرنے کے لیے کتاب پڑھنے کی تلقین کرتے تھے جبکہ بلوچ عوام میں قوم پرستی کو پروان چڑھانے کے لئے توار اور آساپ میں قلمی نام سے بھی لکھتے رہے۔ سیاسی سرگرمیوں کی پاداش میں انہیں گرفتار بھی کیا گیا لیکن انکے قدموں میں کبھی لغزش نہیں آئی شہید کی جدوجہد انقلابی نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔

ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں تمام زونوں کو شہید رضا جہانگیر اور شہید امداد بجیر کی ساتویں برسی کے موقع پر ریفرنس منعقد کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں اور طالب علموں کو شہدا کے کردار اور انکے افکار و عمل کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے اور انکے کردار اور افکار کو اپنا کر بلوچ قومی تحریک کو مضبوط کرنے کی جدوجہد کرنی چاہیئے۔

Exit mobile version