Site icon Daily Sangar

ایران پر اسرائیلی حملوں سے 2 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق

ایرانی فوج نے صبح سویرے ہونے والے اسرائیلی حملوں میں اپنے 2 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے ایران کی فوج کی جانب سے جاری اعلامیے کو نشر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’گزشتہ رات ایران کی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے اسرائیل کے میزائلوں کا مقابلہ کرتے ہوئے دو فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔‘

اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے مطابق میجر جہاندیہ اور استوار شاہروخفار ان حملوں میں ہلاک ہوئے ہیں۔

تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات ابھی تک ایرانی حکام اور میڈیا کی جانب سے شائع نہیں کی گئیںکہ یہ دونوں فوجی دستے کیسے مارے گئے اور وہ کہاں موجود تھے۔

دوسری جانب اسرائیل کی دفاعی افواج کے ترجمان ڈینیئل ہیگری نے ایک نئے بیان میں نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر اپنے حالیہ حملوں کی قیمت ادا کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے مختلف علاقوں میں اہداف کو نشانہ بنا کر حملے کیے۔

ان اہداف میں میزائل بنانے کی تنصیبات، زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل اور دیگر فضائی صلاحیتیں شامل ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے ان مقامات کا انتخاب ممکنہ اہداف کی فہرست ’براڈ ٹارگٹ بینک‘ سے کیا ہے اور وہ ’اس فہرست میں سے اضافی اہداف کا انتخاب کرکے ضرورت پڑنے پر ان پر بھی حملہ کرکے گا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک واضح پیغام ہے کہ جو لوگ اسرائیلی ریاست کے لیے خطرہ بنیں گے انھیں اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

یاد رہے کہ ایران نے یکم اکتوبر کو اسرائیل پر 200 کے قریب بیلسٹک میزائل داغے اور ایرانی پاسداران انقلاب نے دھمکی دی ہے کہ ’اگر اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تو ایران مزید حملے کرے گا۔‘

اس سے قبل رواں سال اپریل میں شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی قونصلیٹ پر ہونے والے حملے کے بعد ایران نے اسرائیل کی جانب ڈرونز اور میزائل داغے تھے۔

Exit mobile version