Site icon Daily Sangar

ازبکستان نے طالبان حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرلیے

ازبکستان نے افغانستان کے طالبان حکام کی طرف سے نامزد سفیر کو قبول کر لیا ہے، جسے ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔

ازبکستان، چین اور متحدہ عرب امارات کے بعد طالبان کے سفیر کو قبول کرنے والا تیسرا ملک ہے۔

کابل کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو کہا کہ ازبکستان نے طالبان کے زیر حکومت افغانستان کے سفیر کی تعیناتی اپنے ہاں قبول کر لی ہے تاکہ طالبان حکومت کے ساتھ تعلقات کو از سر نو شروع کیا جا سکے۔

ازبکستان کے لیے نامزد کردہ ایلچی عبدالغفار بحر ہیں۔ وہ اس سے قبل صوبہ قندھار اور کابل میں ایک عدالتی عہدیدار کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ بدھ کے روز ان کے سفارتی اسناد ازبکستان کی طرف سے ایک باقاعدہ سفارتی تقریب میں منظور کیے گئے۔

اس پیش رفت کو بین الاقوامی سطح پر الگ تھلگ طالبان حکومت کے لیے ایک نادر سفارتی فتح قرار دیا جارہا ہے۔

عبدالغفار بحر 2021 میں طالبان کے اقتدار پر قبضہ کرنے کے بعد سے بیرون ملک تسلیم شدہ صرف تیسرے سفیر ہیں۔

اس سے پہلے چین اور متحدہ عرب امارات افغانستان کی طالبان حکومت کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات قائم کر چکے ہیں اب ازبکستان نے ان سفارتی تعلقات کی شروعات کر کے خود کو ایسے تیسرے ملک کے طور پر سامنے لانے کی کوشش کی ہے، جس نے اگست 2021 سے قائم ہونے والی طالبان حکومت کو تسلیم کیا ہے۔

اس موقع پر طالبان حکومت کے سفیر عبدالغفار بحر نے کہا میں اس پیش رفت کو دو طرفہ تعلقات کے سلسلے میں ایک اہم مرحلہ سمجھتا ہوں ، امید ہے دو طرفہ تعلقات میں مزید بڑھاوا ملے گا۔‘‘

ازبک وزیر خارجہ بختیور سیدوف نے سوشل میڈیا سائٹ پر لکھا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تاریخ اور خوشحالی کے مفادات باہم جڑے ہوئے ہیں۔ یہ دونوں چیزیں تمام شعبوں میں تعاون پر مبنی تعلقات اور ترقی و خوشحالی کے لیے اہم محرک ہیں۔

Exit mobile version