Site icon Daily Sangar

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر پھر قاتلانہ حملے کی کوشش

امریکہ کے سابق صدر اور صدارتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے نامزد امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر گالف کھیلنے کے دوران ایک مسلح شخص کے نشانہ باندھنے کو فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے حکام نے قاتلانہ حملے کی کوشش قرار دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کاملا ہیرس کو واقعے کے بارے میں بریفنگ دے دی گئی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے سابق صدر کے محفوظ رہنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

حکام نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ اتوار کو سہہ پہر دو بجے کے قریب فلوریڈا میں پام بیچ میں اپنے گالف کورس میں جب سابق صدر کھیل میں مصروف تھے تو ایک مسلح شخص کو ان کی طرف بندوق تانتے ہوئے دیکھ گیا۔

حکام کے بقول اس دوران وہاں موجود ایف بی آئی کے اہلکاروں نے اس پر مشتبہ حملہ آور پر فائرنگ کر دی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایف بی آئی اہلکاروں کی فائرنگ سے وہ شخص اسلحہ چھوڑ کر ایک گاری میں بیٹھ کر فرار ہو گیا۔ سیکیورٹی اہلکار اس مشتبہ حملہ آور کی ایس یو وی گاڑی کا تعاقب کر رہے تھے۔ بعد ازاں ایک قریبی علاقے سے اسے حراست میں لے لیا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نومبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ہیں۔ ان کی انتخابی مہم کے حکام نے بتایا ہے کہ سابق صدر محفوظ ہیں۔ انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ وہ سابق صدر پر حملے کی اس کوشش کو قاتلانہ حملے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔

حکام کے مطابق سیکیورٹی پر مامور عملے کی جانب سے فوری کارروائی پر ان کو کارکردگی کو قابلِ تعریف ہے۔

عہدیداروں نے بتایا کہ وہ اس بارے میں مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

سابق صدر ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی یہ دوسری کوشش ہے۔

دو ماہ قبل ڈونلڈ ٹرمپ پر اس وقت قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جب وہ پنسلوینیا میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔

اس دوران ایک حملہ آور نے ان پر فائرنگ کی تھی۔ ایک گولی ان کے کان کو چھوتی ہوئی گزر گئی تھی جس سے ان کے کان سے خون بہنا شروع ہو گیا تھا۔

اس دوران ٹرمپ کے پیچھے موجود ایک شخص گولی لگنے سے ہلاک بھی ہوا تھا۔

Exit mobile version