Site icon Daily Sangar

عمان میں امام بارگاہ مسجد پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی

عمان میں امام بارگاہ مسجد پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی، جس میں 4 پاکستانیوں سمیت ٹوٹل 9 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق عمان کے دارالحکومت مسقط میں عزاداری کی مجلس پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی۔

عمان کے علاقے وادی الکبیر کی امام علی مسجد میں مسلح افراد نے مجلس پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں 30 افراد زخمی بھی ہوئے۔

داعش کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹ ’ٹیلیگرام‘ پر ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں کہا گیا کہ داعش کے 3 خود کش بمباروں نے مجلس پر حملہ کیا اور صبح تک ان کا سیکیورٹی حکام سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

عمان پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایاگیا کہ پولیس نے جوابی کارروائی میں تینوں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، اس دوران ایک پولیس اہلکار بھی مارا گیا۔

تاہم پولیس کی جانب سے دہشتگردوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور نہ ہی ان کے حملے کا مقصد بتایا گیا ہے۔

Exit mobile version