Site icon Daily Sangar

کراچی ایئرپورٹ کے قریب پی آئی اے کا مسافر طیارہ آبادی پر گر کر تباہ

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ہوائی اڈے کے قریب ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے اور اس حادثے میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

پاکستانی سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق یہ ایئر بس اے 320 طیارہ پی آئی اے کا تھا اور لاہور سے کراچی آ رہا تھا کہ لینڈنگ سے قبل حادثے کا شکار ہو گیا۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ پی آئی اے کی یہ پرواز پی کے 8303 دوپہر ایک بجے لاہور سے روانہ ہوئی تھی۔

حکام کے مطابق طیارے پر 107 افراد سوار تھے جن میں عملے کے آٹھ ارکان اور 99 مسافر شامل ہیں۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق طیارہ ماڈل کالونی کے قریب ایسے علاقے میں گرا ہے جہاں انسانی آبادی موجود ہے۔

طیارہ گرنے کے بعد اس میں اور اس کی زد میں آنے والی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ ٹی وی پر دکھائی دینے والی فوٹیج میں بھی جائے حادثہ سے دھوئیں کے کالے بادل اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔تاحال حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات اور اس سے ہونے والی جانی اور مالی نقصانات کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی ہے تاہم آبادی پر گرنے کی وجہ اس حادثے میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

مزید تفصیلات آ رہی ہیں۔

Exit mobile version