Site icon Daily Sangar

تھائی لینڈ: آتش بازی کے فیکٹری میں دھماکا، 30 مزدور ہلاک

تھائی لینڈ پولیس کے مطابق بدھ کی دوپہرآتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں دھماکے کے وقت قریب 30 افراد موجود تھے تاہم تاحال ان میں سے کسی کے زندہ بچ جانے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

شمالی تھائی لینڈ میں بدھ کی دوپہر کو آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں صوبائی حکام کی جانب سے تئیس مزدوروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے ۔

ہلاکتوں کی تعداد کا اعلان صوبہ سپہان بری کے حکام نے کیا جہاں دوپہر کے وقت یہ واقعہ پیش آیا۔ قدرتی آفات کی روک تھام کے ادارے کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ سائٹ کو محفوظ بنانے اورمتاثرہ افراد کی مدد کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں ۔

حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیق کی جارہی ہے ۔ یاد رہے کہ دھماکہ چائنیز کیلینڈر کے مطابق نئے سال کے آغاز سے ایک ماہ قبل ہوا ہے۔ نیو ائیر کی مناسبت سے اس وقت آتش بازی کے سامان کی مانگ بہت زیادہ بڑھی ہوئی ہے ۔

امدادی کارکنوں کے مطابق کوئی شخص زندہ نہیں بچا اور صوبائی حکام کی جانب سے بھی اس حادثے میں کسی بچ جانے والے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ اس طرح محکمہ پولیس کی طرف سے بچ جانے والوں کی تعداد کے بارے میں دیے گئے بیانات متضاد لگ رہے ہیں۔

سپہان بری بنکاک کے شمال مغرب میں تقریباً 95 کلومیٹر (60 میل) کے فاصلے پر واقع ہے، جوچاول کی کاشت کے لیے تھائی لینڈ کا مرکزی علاقہ ہے ۔

تھائی لینڈ کے وزیر اعظم سریتھا تھاوسین جو ان دنوں ورلڈ اکنامک فورم کے لیے سوئٹزرلینڈ میں ہیں، انہیں علاقائی پولیس کمانڈر نے فون پر بتایا کہ دھماکے کے وقت فیکٹری میں 20 سے 30 مزدور موجود تھے۔ جن میں سے کوئی بھی نہیں مل سکا۔

Exit mobile version