Site icon Daily Sangar

حماس نے جنگ بندی کے بدلے 70 یرغمالی رہا کرنیکی مشروط پیشکش کردی

فوٹو: ویڈیو اسکرین شاٹ

غزہ میں برسرِ اقتدار رہنے والی تنظیم حماس کے عسکری دھڑے القسام بریگیڈ نےپانچ روزہ جنگ بندی کے بدلے اسرائیل سے یرغمال بنائے گئے 70 شہریوں کی رہائی کی مشروط پیشکش کی ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق القسام بریگیڈ نے پیر کو ایک آڈیو پیغام جاری کیا جس میں اس کے ترجمان ابو عبیدہ کا کہنا تھا کہ پانچ روزہ جنگ بندی کے دوران لڑائی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے اور اس دوران امداد اور انسانوں کی زندگی بچانے کا سامان غزہ کے ہر علاقے میں پہنچنے دیا جائے۔

القسام بریگیڈ کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنے والے ملک قطر کو اس پیشکش سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

حماس کے عسکری ونگ نے آڈیو پیغام میسجنگ پلیٹ فارم ’ٹیلی گرام‘ پر اپنے چینل پر جاری کیا ہے۔

القسام بریگیڈ کے مطابق اس پانچ روز جنگ بندی معاہدے میں تاخیر یا اس سے فرار کی قیمت اسرائیل کو چکانا پڑے گی۔

بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اسرائیل کو یرغمال افراد کی ہلاکت کی پرواہ نہیں ہے۔ جس کی مثال یرغمال بنائی گئی اسرائیلی فوج کی خاتون اہلکار مارکیانو نوا ہے جس نے ایک ویڈیو میں اپنی بازیابی کی اپیل کی تھی لیکن وہ اسرائیل کے فضائی حملے میں ہلاک ہو گئی تھی۔

اسرائیلی فوج نے بھی حماس کے قبضے میں موجود خاتون فوجی اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ القسام بریگیڈ نے خاتون اہلکار کی اپیل اور بعد ازاں ہلاکت کے بعد کی ویڈیوز جاری کی تھیں۔

Exit mobile version