Site icon Daily Sangar

ایمان مزاری کی ضمانت منظور ، علی وزیر کو جیل بھیج دیاگیا

فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بغاوت، دھمکانے اور اشتعال پھیلانے کی دفعات کے تحت درج مقدمے میں سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، جبکہ اسی مقدمے میں سابق وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کی صاحبزادی وانسانی حقوق کارکن ایمان زینب مزاری کی ضمانت منظور کرلی ہے۔

مقامی عدالت کے جج وقاص احمد راجہ نے ایمان مزاری اور علی وزیر کے خلاف تھانہ ترنول میں کارسرکار میں مداخلت اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے کیس کی سماعت کی۔

پی ٹی ایم رہنما علی وزیر کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔

پراسیکیوٹر عاطف الرحمٰن کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ علی وزیر کی حد تک پہلے دو روزہ جسمانی ریمانڈ مل چکا ہے۔

پراسیکیوٹر عاطف الرحمٰن نے کہا کہ علی وزیر کی جانب سے پولیس سے تعاون نہیں کیا جا رہا اور ان سے پولیس کٹ اور ہتھیار برآمد کرنے ہیں۔

پراسیکیوٹر نے ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پر علی وزیر کے وکیل نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ دو روزہ جسمانی ریمانڈ مل چکا ہے لیکن کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی۔

وکیل نے کہا کہ علی وزیر کے خلاف درج مقدمے میں 3 ناقابلِ ضمانت دفعات ہیں جبکہ دیگر قابلِ ضمانت ہیں۔

علی وزیر کے وکیل نے کہا کہ ریلی کے شرکا کوئی بھی ہوسکتے ہیں، علی وزیر کا ریلی کے شرکا سے کچھ لینا دینا نہیں، پولیس آخر علی وزیر سے کیا اگلوانا چاہتی ہے۔

پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ شریک ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہواہے، تاہم علی وزیر تعاون نہیں کررہے۔

اس موقع پر علی وزیر روسٹرم پر آئے اور مؤقف اپنایا کہ جلسہ کرنے جارہے تھے تو کافی پکڑ دھکڑ ہو رہی تھی، نگراں حکومت کی کال آئی، بات چیت چل رہی تھی۔،جلسہ کرلیا تو نگراں وزیر داخلہ نے شکریہ کا ٹوئٹ کیا۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر علی وزیر کے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ بعد ازاں عدالت نے علی وزیر کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی اور ان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

علاوہ ازیں عدالت نے تھانہ ترنول میں درج مقدمے میں ایمان مزاری کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے 30 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

Exit mobile version