Site icon Daily Sangar

بلوچ لاپتہ افراد کو قوانین کے تحت عدالتوں میں پیش کیا جائے، نصر اللہ

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لاپتہ شاھان لانگو، نوید بلوچ، کفایت اللہ نیچاری اور قذافی نیچاری کے اہلخانہ کو ان کے لاپتہ پیاروں کے حوالے سے معلومات فراہم کرکے انہیں زندگی بھر کے کرب و اذیت سے نجات دلائی جائے۔

نصراللہ بلوچ کا کہنا ہے کہ منگچر سے لاپتہ شاھان لانگو، نوید بلوچ، کفایت اللہ نیچاری اور قذافی نیچاری کے اہلخانہ نے اپنے لاپتہ افراد کے لیے انصاف کی فراہمی کےلیے ہر دروازے پر دستک دی لیکن انہیں انصاف نہیں ملا، جس کی وجہ سے مجبور ہوکر خواتین اور بچوں نے منگچر میں مین روڈ پر دھرنا دے کر روڈ کو بلاک کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا تاکہ انکی فریاد کو کوئی سنے اور انہیں ملکی قوانین کے تحت انصاف فراہم کرے لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس سے پہلے بھی انہوں نے دو دفعہ روڈ پر دھرنا دیا تھا، بلوچستان حکومت نے انہیں یقین دلایا تھا کہ وہ ان کے لاپتہ پیاروں کی بازیابی میں اپنا کردار ادا کرے گی لیکن لواحقین کو ان کے لاپتہ افراد کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے مجبور ہوکر انہوں نے آج دوبارہ منگچر میں روڈ پر دھرنا دے کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا لیکن انہیں خاص یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔

نصراللہ بلوچ نے بلوچستان حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر شاھان لانگو، نوید بلوچ، کفایت اللہ نیچاری اور قذافی نیچاری پر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالت میں پیش کرکے صفائی کا موقع فراہم کیا جائے اور اگر یہ لوگ بے قصور ہیں تو انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے یا پھر انکے خاندان کو انکے حوالے سے معلومات فراہم کرکے انہیں اذیت سے نجات دلائی جائے۔

Exit mobile version