Site icon Daily Sangar

بھارت کی چاند مشن چندریان تھری کی کامیاب لانچ

بھارت کے خلائی تحقیق کے ادارے ’انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن‘ (اسرو) نے چاند پر بھیجنے والا اپنا خلائی مشن چندریان تھری جمعے کو کامیابی کے ساتھ لانچ کر دیا۔

اسے آندھرا پردیش کے ستیش دھون اسپیس سینٹر سری ہری کوٹا سے لانچ کیا گیا۔ اس کے لیے سب سے طاقت ور راکٹ لانچر ایل ایم وی تھری کا استعمال کیا گیا۔

چندریان تھری کے 23 یا 24 اگست کو چاند کی سطح پر اترنے کا امکان ہے۔ اگر یہ مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا تو بھارت چاند پر پہنچنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا۔ اس سے قبل امریکہ، روس اور چین نے چاند پر خلائی گاڑی بھیجنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

امریکہ اور روس کو یہ کامیابی چاند پر اترنے کی کئی کوششوں کے بعد ملی تھی جب کہ چین نے پہلی ہی کوشش میں کامیابی حاصل کر لی تھی۔ بھارت کی یہ دوسری کوشش ہے۔ اس سے قبل 2019 میں اس کا خلائی مشن ناکام ہو گیا تھا۔

لانچنگ کے تین مرحلے تھے جو کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئے۔ خلائی گاڑی لانچنگ کے 900 سیکنڈ کے بعد ایل ایم وی تھری سے الگ ہو گئی۔ اسرو کے سائنس دان آنے والے دنوں میں خلائی گاڑی کو چاند کے راستے پر ڈالنے کا عمل شروع کریں گے۔ یہ گاڑی پانچ اگست کو چاند کے مدار میں داخل ہوگی۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اگر بھار ت کا یہ مشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا تو چاند کے قطب جنوبی پر پہنچنے والا بھارت پہلا ملک ہوگا۔ اگر سب کچھ ٹھیک ٹھاک رہا اور چندریان تھری چاند کے قطب جنوبی پر اترنے میں کامیاب رہا تو یہ بھارت کی تیکنیکی صلاحیت اور خلائی سفر کے جرأت مندانہ عزائم کا عکاس ہوگا۔

متعدد ملکوں نے چاند کے قطب جنوبی پر لینڈ کرنے کی کوشش کی لیکن تاحال اس میں کوئی بھی ملک کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔

یاد رہے کہ چندریان تھری کی تیاری پر 615 کروڑ روپے یعنی 75 ملین ڈالر خرچہ آیا ہے۔

Exit mobile version