Site icon Daily Sangar

کوئٹہ : بھوک ہڑتالی اساتذہ تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل

بلوچستان کے ادرلحکومت کوئٹہ میں گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اپنے مطالبات کے حل کیلئے بلوچستان اسمبلی کے سامنے اساتذہ کی بھوک ہڑتال ساتویں روز بھی جاری رہی۔

بھوک ہڑتال کے باعث اکثراساتذہ کی طبعیت خراب ہوگئی جن میں 3اساتذہ کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیاگیا جبکہ بعض اساتذہ نے طبی امداد کیلئے ہسپتال جانے انکار کردیا جس پر ڈاکٹروں نے بھوک ہڑتالی اساتذہ کو کیمپ میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

منگل کو آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا ) بلوچستان کے صدر دادمحمد بلوچ،جنرل سیکرٹری عبداللہ صافی ،جمعیت علماءاسلام نظریاتی کے صدر مولاناعبدالقادر لونی ،آل پاکستان کلرک اینڈ میکنیکل ایسوسیایشن کے صدر شمس اللہ سمیت سیاسی جماعتوں، وکلاء،سول سوسائٹی، وکلاءاوردیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی کیمپ آکر اساتذہ سے اظہار یکجہتی کیا۔

اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے دادمحمدبلوچ اور مولاناعبدالقادر لونی نے کہاکہ دنیابھر میں اساتذہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھاجاتا ہے لیکن بلوچستان میں پیغمبرانہ پیشے سے تعلق رکھنے والے اساتذہ اپنے جائز مطالبات کے حل کیلئے تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں لیکن صوبائی حکومت اور بیورو کریسی ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے حکومت فوری طورپرگورنمنٹ ٹیچرزایسوسی ایشن کے جائز مطالبات تسلیم کرے۔

گورنمنٹ ٹیچرزایسوسی ایشن کے صدر حاجی حبیب الرحمن مردان زئی نے کہا کہ تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے اساتذہ کے حوصلے بلندہیں وہ اساتذہ کاز کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دینے کیلئے بھی تیار ہیں لیکن اپنے جائز مطالبات سے کسی بھی صورت دستبردار نہیں ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن جونیئر کیڈرز اور ہیڈماسٹر،ہیڈمسٹریس کی غیر مشروط اپ گریڈیشن کے نوٹیفکیشن، پری میچورانکریمنٹ کی کٹوئی کے خاتمے،مہنگائی کے تناسب سے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے،جونیئر کیڈرز کے اساتذہ کرام کی پروموشن میں حائل رکاوٹیں فوری طور پر دور کرکے انہیں پرموٹ کرنے، 2019ءکے بعد نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کرام کے لئے ٹائم اسکیل کے خاتمے کانوٹیفکیشن واپس لینے،صوبہ بھر کے اسکولوں کی مسنگ پوسٹوں کے مسئلہ کے حل سمیت دیگر جائز مطالبات سے کسی بھی صورت دستبردار نہیں ہونگے ۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت اور بیورو کریسی فوری طور پر اساتذہ کے جائز مسائل کو تسلیم کرکے انکا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کریگی بصورت دیگر گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن آئندہ کے سخت لائحہ عمل کااعلان کریگی جس کے بعدحالات کی تمام ترذمہ داری حکومت ہوگی۔

اساتذہ سے چیئرمین مشاورتی کونسل میر شہباز خان قلندرانی سیکرٹری جنرل سجاد حسین رند، چیف آرگنائزر حاجی محمد یونس کاکڑ، گل باران حسنی، نواب خان، مرتضیٰ محمد شہی، شہزادہ کاکڑ، محمد ابراہیم بادینی، طارق عزیز مگسی، ثناءااللہ سمالانی، جمیل الدین کاکڑ محمد صدیق مشوانی اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے اساتذہ کوآج سات روز گزرچکے ہیں بھوک ہڑتال پر بیٹھے 3اساتذہ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے کسی بھی وقت کچھ ہواسکتا ہے حکمرانوںاور بیورو کریسی کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لیتے ہوئے فوری طور پر اساتذہ کے مطالبات منظورکرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کرے ۔

Exit mobile version