Site icon Daily Sangar

ٹوئٹر کا نشریاتی اداروں کیلئے سبسکرپشن فیچر پیش کرنیکا اعلان

مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ٹوئٹر پر نشریاتی اداروں کی کمائی بڑھانے کے لیے ’سبسکرپشن‘ فیچر پیش کیا جائے گا، جس کے تحت ادارے اپنے کالم، خبریں اور ویڈیوز تک صارفین کو پیسوں کے عوض رسائی فراہم کریں گے۔

ایلون مسک نے اپریل کے اختتام پر اعلان کیا تھا کہ مئی میں ٹوئٹر پر نشریاتی اداروں کے لیے سبسکرپشن فیچر پیش کیا جائے گا، جس کے تحت ادارے فیس کے عوض صارفین کو خصوصی مواد تک رسائی دیں گے۔

مذکورہ فیچر کے تحت صارفین اپنی مرضی کے مواد کو سنگل کلک فیس کے تحت دیکھ اور پڑھ سکیں گے۔

ایلون مسک کے مطابق مذکورہ فیچر نشریاتی اداروں اور عام عوام کے لیے فائدہ مند ہے، کیوں کہ زیادہ تر لوگ نشریاتی اداروں کی ماہانہ سبسکرپشن فیس ادا کرنے کے قابل نہیں ہوتے، اس لیے ان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی مرضی کے مواد کو فیس کے عوض پڑھ سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹوئٹر اب ایسے صارفین کو اپنی مرضی کے مواد کو پڑھنے اور دیکھنے کی سہولت فراہم کرے گا اور اس مقصد کے لیے صارفین کو صرف اپنی پسند کے مواد کی فیس ادا کرنی پڑے گی۔

اسی حوالے سے برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ نے بتایا کہ مذکورہ فیچر کے تحت ٹوئٹر نشریاتی اداروں سے کمائی کا 10 فیصد حصہ وصول کرے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ فیچر کے لیے ٹوئٹر نشریاتی اداروں سے ایک سال تک کوئی فیس وصول نہیں کرے گا، تاہم دوسرے سال اداروں کو کمائی کا 10 فیصد ٹوئٹر کو ادا کرنا پڑے گا۔

Exit mobile version