Site icon Daily Sangar

اپر کرم میں اسکول میں فائرنگ سے اساتذہ سمیت 8 افرادہلاک

پاکستان کے علاقے ضلع کرم میں فائرنگ کے واقعے کے بعد نامعلوم افراد نے ایک سکول میں گھس کر سات افراد کو قتل کر دیا جن میں سکول ٹیچرز بھی شامل ہیں۔

ضلع کرم کے پولیس ترجمان کے مطابق ’اپر کرم کے علاقے میں شلوزان نامی روڈ روڈٖ پر نامعلوم افراد کی ایک کار پر فائرنگ کی وجہ سے بورڈ کے امتحانات کے لیے جانے والے شریف نامی استاد موقع پر ہلاک ہو گئے۔‘

پولیس ترجمان کے مطابق ’اس واقعے کے بعد کچھ نامعلوم افراد تری منگل ہائی سکول میں داخل ہوئے۔ جہاں پر بورڈ کے امتحانات میں فرائض انجام دینے والے کم از کم 4 اساتذہ اور سکول کے اندر کام کرنے والے تین دیگر افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔‘

ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق طوری قبائل سے بتایا جا رہا ہے۔

کرم پولیس کے مطابق ’یہ دو مختلف واقعات ہیں۔ پہلے واقعے میں شریف نامی استاد قتل ہوئے ہیں۔ اس کے حوالے سے ابتدائی معلومات کے مطابق یہ واقعہ ذاتی دشمنی کی بنیاد پر ہوا ہے جبکہ دوسرے واقعے کے بارے میں تحقیقات ہو رہی ہیں۔‘

دوسری جانب اساتذہ کے قتل کے خلاف پارا چنار میں احتجاج شروع کردیا ہے جہاں ملزمان کی گرفتاری تک تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔

پارہ چنار میں اساتذہ کے قتل کے خلاف اساتذہ کی مختلف تنظیموں نے احتجاج شروع کردیا ہے۔

احتجاج کے دوران اساتذہ نے پریس کلب کے سامنے ٹائروں کو آگ لگا کر روڈ بلاک کردی ہے۔

اساتذہ نے واقعہ کی مکمل تحقیقات، واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری تک احتجاج اور تمام تعلیمی سرگرمیاں بطور احتجاج معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اساتذہ کے مطابق ’کرم ضلع میں اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا جب تک اساتذہ کو مکمل تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا۔‘

ضلع کرم پولیس کے مطابق ’اب سے تھوڑی دیر پہلے سکول میں قتل ہونے والے اساتذہ اور مزدوروں کی لاشیں حاصل کرلی گئی ہیں۔ ن لاشوں کوپوسٹ مارٹم کے لیے ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پارہ چنار پہنچایا جارہا ہے۔‘

Exit mobile version