Site icon Daily Sangar

کشمیر میں انڈین فوجی گاڑی پر حملہ، 5 اہلکار ہلاک

انڈین فوج کا کہنا ہے کہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں ایل او سی کے قریب پونچھ سیکٹر کے علاقے بھمبر گلی میں مسلح شدت پسندوں نے فوج کی ایک گاڑی پر مسلح حملہ کر کے پانچ فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

انڈین فوج کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کی جانب سے فوجی گاڑی پر فائرنگ اور ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا گیا اور حملہ آور بارش اور دھند کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔

واضح رہے کہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے بھمبر گلی سے پاکستان سے ملحقہ لائن آف کنٹرول صرف 50 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

انڈین فوج کی شمالی کمان کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’شدت پسندوں نے فوج کی انسداد دہشت گردی فورس پر حملہ کیا جس کے نیتجے میں پانچ اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ ایک شدید زخمی ہوا ہے۔ حملے میں فوجی گاڑی میں آگ لگ گئی اور دہشت گرد بارش اور دھند کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔‘

قبل ازیں جمعرات کو اس واقعے کے متعلق دن بھر مقامی ذرائع ابلاغ پر یہ خبر عام تھی کہ فوج کی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی، لیکن دیر شام کو فوج کی شمالی کمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ دہشت گرد حملہ تھا۔

پونچھ اور راجوری انڈین کشمیر کے دو اضلاع ہیں جو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے ملحقہ ہیں۔ یہ حملہ بھمبر گلی کے باٹا دُوریاں گاؤں میں ہوا ہے جو پونچھ اور راجوری کی مرکزی شاہراہ پر واقع ہے۔

Exit mobile version