Site icon Daily Sangar

روس یوکرین میں فوجی شکست کی طرف بڑھ رہا ہے، جرمن نائب چانسلر

جرمن وزیر اقتصادیات روبرٹ ہابیک کے مطابق روس کی یوکرین میں فوجی مداخلت کے بعد سے جاری جنگ میں ماسکو وہاں اپنی عسکری شکست کی طرف بڑھتا جا رہا ہے۔

ہابیک کے بقول روسی شکست کا باعث کییف کے لیے بھرپور مغربی حمایت بنے گی۔

جرمنی کی مخلوط وفاقی حکومت میں نائب چانسلر کے عہدے پر فائز اور ماحول پسندوں کی گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر اقتصادیات نے کہا کہ یوکرین میں روس کی مداخلت کا انجام ماسکو کی فوجی شکست ہی ہو گا۔

ہابیک نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا، ”یہ کسی نے بھی نہیں سوچا تھا کہ سال 2022ء اس طرح ختم ہو گا۔“

روبرٹ ہابیک کے الفاظ میں، ”روسی صدر پوٹن میدان جنگ میں یہ لڑائی اس لیے ہارتے جا رہے ہیں کہ یوکرین کو نہ صرف یورپی یونین، مغربی دفاعی اتحاد نیٹو اور امریکہ کی طرف سے ہتھیار مہیا کیے جا رہے ہیں بلکہ یوکرین انہیں استعمال کرتے ہوئے بڑی مہارت اور اسٹریٹیجک دانش مندی کے ساتھ ساتھ ہوشیاری اور ہمت کا مظاہرہ بھی کر رہا ہے۔“

گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والے یہ جرمن سیاست دان یوکرین میں روسی فوجی مداخلت سے پہلے بھی کییف کے لیے جرمن ہتھیاروں کی فراہمی کی وکالت کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”میں اس بات کے حق میں ہوں کہ جرمنی اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر کییف کی اس طرح مدد کرتا رہے کہ یوکرین یہ جنگ جیت جائے۔“

Exit mobile version