Site icon Daily Sangar

عراق میں پولیس قافلے پر بم حملہ، 9 اہلکار ہلاک

عراق کے شہر کرکوک کے قریب وفاقی پولیس کے قافلے پر بم حملے میں کم از کم 9 اہلکار ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹز‘ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ دھماکا کرکوک سے 30 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع صفرا گاؤں کے قریب ہوا۔

مزید بتایا کہ 2 پولیس اہلکار شدید زخمی ہیں۔

عراقی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم محمد شیعہ السوڈانی نے حملے میں ملوث دہشت گرد عناصر کی تلاش کا حکم دیا، اور وفاقی پولیس کے کمانڈر کو علاقے میں مزید تحقیقات کے لیے بھیجا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فوری طور پر کسی نے بھی حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن داعش کے عسکریت پسند علاقے میں فعال ہیں۔

عراقی پولیس افسر نے بتایا کہ داعش کے شدت پسند اس حملے میں ملوث ہیں، جو سڑک کنارے بم رکھ کر پولیس کو ٹارگٹ کرتے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایک وفاقی پولیس افسر نے حملے کو داعش (آئی ایس) کے ساتھ جوڑتے ہوئے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ابتدائی طور پر ایک بم دھماکے میں ٹرک کو نشانہ بنایا گیا جس میں مرد سفر کررہے تھے، اس کے بعد چھوٹے ہتھیاروں سے چلال المطار کے گاؤں کے قریب براہ راست حملہ کیا گیا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ حملے میں دو پولیس افسران بھی زخمی ہوئے ہیں۔

قبل ازیں، بغداد میں وزارت داخلہ کے ایک حکام نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 7 پولیس اہلکار بشمول ایک افسر مارے گئے ہیں۔

Exit mobile version