Site icon Daily Sangar

کراچی میں چینی شہریوں پر حملہ، ایک ہلاک، 2کی حالت تشویشناک

پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں چینی شہریوں پر ایک حملے میں ایک ہلاک چینی، 2 شدید زخمی ہوگئے جن کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

حملہ کراچی کے رش ترین علاقے صدر میں ایک دندان ساز کلینک میں ہوا ہے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور مریض بن کر کلینک میں آیا اور اپنی باری آنے پر ڈاکٹر پر فائرنگ کردی۔

زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ساؤتھ ریجن کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعہ میں ڈاکٹر ایچ یو رچرڈ کا ملازم رونالڈ رائمنڈ چاؤ ہلاک ہوا۔

ایس ایس پی کے مطابق فائرنگ سے چینی ڈاکٹر ایچ یو رچرڈ اور ان کی اہلیہ مارگریٹ زخمی ہوئی ہیں۔

پولیس نے تصدیق کی کہ فائرنگ سے متاثر ہونے والے تینوں افراد چینی باشندے ہیں۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے زد میں آنے والے افراد کی شناخت 25 سالہ رونلڈ ریمنڈ چاؤ، 72 سالہ مارگریڈ اور 74 سالہ رچرڈ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے فائرنگ کے واقعے کے حوالے سے کہا کہ صدر پرہجوم علاقے میں فائرنگ ہوئی اور زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک چینی باشندے کو ڈاکٹر رتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی لایا گیا، جن کو گولیاں لگی ہیں۔

ڈاکٹر سمعیہ سید نے کہا کہ خاتون سمیت مزید دو چینی باشندوں کو زخمی حالت میں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں غیرملکی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے اور انہیں پیٹ پر گولیاں لگی ہیں۔

یاد رہے کہ رواں برس 26 اپریل کو جامعہ کراچی میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے باہر خودکش دھماکے کے نتیجے میں تین چینی باشندوں سمیت 4 افراد ہلاک اور دیگر 4 زخمی ہو گئے تھے۔

بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی تھی اور اپنے بیان میں بتایا تھا کہ یہ ایک فدائی حملہ تھا جسے مجید بریگیڈ کے شاری بلوچ نے سرانجام دیا تھا۔

Exit mobile version