Site icon Daily Sangar

مودی کا کشمیر کا دورہ،ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور اعلان

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی قومی پنچایتی راج دن کے موقع پر اتوار کو جموں و کشمیر پہنچے اور انھوں نے کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کو آئین ہند میں خصوصی حیثیت دلانے والے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد یہ جموں و کشمیر کا ان کا پہلا دورہ ہے۔

پی ایم مودی جموں کے سانبا ضلع میں پلّی پنچایت پہنچے، جہاں انھوں نے 20 ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انھوں نے ملک کی تمام گرام سبھا یعنی پنچایتوں سے خطاب بھی کیا۔

اپنی تقریر کے دوران وزیر اعظم مودی نے کہا کہ 20 ہزار کروڑ روپے کے پروجیکٹ کا افتتاح ہوا ہے اور سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، ان کوششوں سے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

’مرکزی حکومت کی سکیمیں اب یہاں براہ راست نافذ ہو رہی ہیں جس سے یہاں کے دیہاتوں کو فائدہ ہو رہا ہے۔ چاہے وہ ایل پی جی کنکشن ہو یا ٹوائلٹ، یہ یہاں کے لوگوں کو براہ راست دستیاب ہو رہے ہیں۔ آنے والے 25 سالوں میں جموں و کشمیر ترقی کی نئی داستان لکھے گا۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’پچھلی سات دہائیوں میں (یہاں) صرف 17،000 کروڑ روپے کی نجی سرمایہ کاری ہوئی تھی، لیکن گذشتہ دو سالوں میں، 38،000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوئی ہے اور پرائیویٹ کمپنیاں یہاں آرہی ہیں۔ سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کے لیے کھلے ذہن کے ساتھ آ رہے ہیں۔

’ایک سرکاری فائل دہلی سے چلتی تھی اور اسے جموں و کشمیر پہنچنے میں دو سے تین ہفتے لگتے تھے۔ لیکن مجھے خوشی ہے کہ اب تین ہفتوں کے اندر یہاں سولر پلانٹ لگا دیا جاتا ہے۔ کام کے انداز میں یہ تبدیلی جموں و کشمیر کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی۔‘

انھوں نے کہا: ’میں جموں و کشمیر کے نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ وہ مجھ پر اعتماد کریں۔ وادی کے نوجوانو، میں تمہیں تمہارے دادا دادی، ماں باپ، نانا نانی جیسی پریشان کن زندگی نہیں گزارنے دوں گا۔ میں تمہیں یقین دلانے آیا ہوں۔‘

پی ایم مودی نے کہا: ’گذشتہ آٹھ سالوں میں، ہماری حکومت نے ایک بھارت شریشٹھ بھارت (ایک انڈیا عظیم انڈیا کے عہد) کو مضبوط کرنے کے لیے کام کیا ہے۔ جب ہم ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے بارے میں بات کرتے ہیں، تو ہماری توجہ رابطے پر ہوتی ہے اور فاصلے کو کم کرنے پر بھی۔ دلوں کی دوری ہو یا وسائل کی، اسے دور کرنا ہماری ترجیح ہے۔‘

Exit mobile version