Site icon Daily Sangar

پاکستانی مقبوضہ کشمیر: جے کے این ایس ایف کا 23 واں مرکزی کنونشن اختتام پزیر،ناصر لیاقت صدر منتخب

پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں جموں کشمیر نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن (جے کے این ایس ایف)کا 23 واں مرکزی کنونشن اختتام پزیر ہوگیا۔ناصر لیاقت صدر، ظہیر میر سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔

نو منتخب کابینہ نے حلف کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کی وحدت کی بحالی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ کنونشن ناکام بنانے کے لئے سامراجی قوتوں نے ہر ہتھکنڈہ آزمایا اس کے باوجود وہ ناکام رہے۔ جے کے این ایس ایف اپنی ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ہر سازش کو نکام بنائے گی۔

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈینٹس فیڈریشن کا 23 واں مرکزی کنونشن کوٹلی میں منعقد ہوا۔

کنونشن سے قبل ”پاکستان بھارت استعمار مردہ باد ریلی“ کا انعقاد کیا گیاجس میں آزاد کشمیر اور گلگت بھر سے آئے ہوئے کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔

ریلی کی قیادت مرکزی صدر فاران مشتاق، سابق صدور انوار بیگ،سردار طلحہ،کامران بیگ اور دیگر نے کی۔

ریلی شہر کا چکر لگا کر پنڈال میں اختتام پزیر ہوئی جہاں کنونشن کا با قاعدہ پہلا سیشن شروع ہوا جس میں جنرل کونسل نے آئندہ دو سالوں کے لئے نئی کابینہ کا انتخاب کیا۔ جس کے مطابق صدر نا صر لیاقت(تھوراڑ)، سینئر نائب صدر اظہر رشید (باغ)، نائب صدر خواجہ احسن(نیلم)، سیکرٹری جنرل ظہیر میر (مظفر آباد)، ڈپٹی جنرل سیکرٹری فصیح آفتاب (راولاکوٹ)، چیف آرگنائزر، عمران اسلم (سدھنوتی)، ڈپٹی چیف آرگنائزر ذیشان احمد (کوٹلی)، چئیرمین پبلسٹی بورڈ عادل نزیر (بھمبر)، چئیرمین مالیاتی بورڈ حسیب احمد (پاچھیوٹ)، چئیرمین سٹڈی سرکل احتشام علی (ہجیرہ)، چئیرمین نیشنل سرکل اجمل حمید (مظفر آباد)کو اتفاق رائے سے منتخب کر لیا گیا۔

نو منتخب کابینہ سے سابق صدر فاران مشتاق نے حلف لیا۔رات کے سیشن میں جے کے ایل ایف کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب عہدیداران اور مقررین نے کہا کہ ریاست جمو ں کشمیر کی قومی آزادی کے لئے استعماری قوتوں کی بوکھلاہٹ نہ صرف آج دیکھنے کو ملی بلکہ آنے والے دنوں میں ان کی یہ بے قراری مزید بڑھے گی۔ اس وقت پوری قوم میں قومی سوال کو لے کر شعوری بیداری کا آغاز ہو چکا ہے جس کی مثال آج کوٹلی میں کاسہ لیسوں کی ایک درجن کے قریب ریلی نے ان کو اپنا اصل دکھا دیا ہے۔ کوٹلی کی با شعور عوام نے ان کی ریلی کو یکسر مسترد کر کے این ایس ایف کے نوجوانوں کی آواز بن کر ان کو واضح پیغام دے دیا ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ زور زبردستی اور دھونس دھاندلی کے باوجود حکومتی مشینری، پولیس، ادارے مل کر بھی ایک درجن سے زائد دیوانوں کو نکال نہ سکی،این ایس ایف کے دوروزہ مرکزی کنونشن کے دوران کوٹلی میں انتظامیہ کی طرف سے خوف و ہراس بدستور جاری رہا اس کے باوجود ہمارے نوجوانوں نے شعوری بیداری کا ثبوت دیتے ہوئے ایک اچھا پیغام دیاکہ این ایس ایف پر امن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور جو بھی پاکستان اور ہندوستان کے عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کرے گا ہم ان کی آواز کے ساتھ آواز ملا کران کا ساتھ دیں گے اور توقع رکھیں گے کہ پاکستان اور ہندوستان کے اندر با شعور طبقات ریاست جموں کشمیر کی محکومی اور قومی آزادی کی حمایت میں کشمیری قوم کا ساتھ دیں گے۔

پاکستان کی توانا آواز منظور پشتین جو پسے ہوئے طبقات کا نمائندہ ہے اس کو آزاد کشمیر حکومت نے روک کر عالمی برادری کو یہ پیغام دیا ہے کہ یہاں کی حکومت بظاہر تو آزاد ہے لیکن عملاً اس کو چلانیو الی قوتیں کہیں اور بیٹھی ہوئی ہیں۔ دنیا یہ دیکھ رہی ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام آزاد کشمیر گلگت بلتستان کو ایک مخصوص بیانیے کے تحت چلایا جا رہا تھا اس بنانیے کو نیشنل سٹوڈینٹس فیڈریشن نے غلط ثابت کر کے ان قوتوں کو پیغام دیا ہے کہ ریاست جموں کشمیر کے حقیقی وارث چاہے وہ کسی بھی سیاسی جماعت میں ہوں وہ ریاست کی وحدت اور سالمیت کے ساتھ ساتھ تقسیم کشمیرکے کسی بھی عالمی ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچنے دیں گے۔

کنونشن سے نو منتخب صدر ناصر لیاقت، سابق صدور انوار بیگ، سردار طلحہ، کامران بیگ، سیکرٹری جنرل ظہیر میر، ورکر پارٹی کے رضوان کرامت، ایس ایل ایف خواتین ونگ کی دانش دانی، نومنتخب مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر ذیشان احمد اور دیگر نے خطاب کیا۔

Exit mobile version