Site icon Daily Sangar

گوادر: مولانا ہدایت الرحمان کیخلاف بھی غداری کا مقدمہ درج ، یوسف مستی خان ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

گوادر میں بلوچستان حق دو تحریک کا دھرنے سے خطاب کرنے پر بلوچ بزرگ سیاستدان میریوسف مستی خان اور تحریک کے سربراہ مولاناہدایت الرحمن کے خلاف غداری کامقدمہ درج کرلیاگیاہے۔

پولیس نے سینئر سیاستدان یوسف مستی خان کو ایک روزہ ریمانڈ پر لے لیا۔

جمعرات کے روزگوادر سٹی تھانہ پولیس کی جانب سے بلوچستان کو حق دو تحریک کے سربراہ مولاناہدایت الرحمن اور بلوچ یکجا تحریک کے سربراہ میر یوسف مستی خان کے خلاف غداری،پاکستان کے خلاف نفرت آمیز تقاریر پر ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ایف آئی آر 121ت پ،ت پ 123A، ت پ 124A، 153ت پ،109ت پ،34 ت پ کے دفعات کے تحت درج کی گئی ہے۔

یوسف مستی خان نے گرفتاری کے موقع پر عوام کوپیغام دیتے ہوئے کہا کہ ریاست ظالم ہے اور ظلم کے بولنے کا نتیجہ آپ دیکھ رہے ہیں۔ گوادر کی عوام پر امن طریقے سے اپنا دھرنا جاری رکھیں اور ہرحال میں پر امن رہیں۔

پولیس کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر میں بلوچستان کو حق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمن کا نام بھی یوسف مستی خان کو دھرنے میں بلانے کے الزام کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایس آئی عبداللہ نے اس بنیاد پر ایف آئی آر میں لکھوایا پاکستان، مسلح افواج اور خفیہ اداروں کے خلاف تقاریر کرکے یوسف مستی خان بجرم زیر دفعہ A-/123-121، A-124، 153-34A اور مولانا ہدایت الرحمن حق دو تحریک کے سربراہ نے یوسف مستی خان کو طلب کرکے دھرنے میں تقاریر کراکر بجرم زیر دفعہ 109 ت پ کا مرتکب ہوئے۔

Exit mobile version