Site icon Daily Sangar

طالبان سے مذاکرات پیشہ ورانہ تھے لیکن انہیں اقدامات سے پرکھیں گے، امریکا

امریکہ نے کہا ہے کہ طالبان سے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والی بالمشافہ ملاقات ”واضح اور پیشہ ورانہ” تھی جس کے دوران مختلف امور پر مذاکرات ہوئے ہیں۔

امریکہ کے محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی وفد نے ہفتے کو طالبان رہنماؤں پر مشتمل ایک وفد سے ملاقات کی ہے جس کے دوران سیکیورٹی اور دہشت گردی پر تحفظات سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق نیڈ پرائس نے کہا کہ اس ملاقات میں امریکی، افغان شہریوں اور غیر ملکیوں کے افغانستان سے انخلا کے لیے محفوظ راستہ فراہم کرنے، افغانستان میں انسانی حقوق اور افغان معاشرے میں خواتین اور لڑکیوں کی واضح شمولیت کے معاملات بھی زیرِ غور آئے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے دوران امریکہ کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کو براہِ راست امداد کی فراہمی کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔

نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ طالبان سے ہونے والے مذاکرات پیشہ ورانہ تھے تاہم امریکہ طالبان کو بیانات پر نہیں بلکہ ان کے اقدامات کو پرکھے گا۔

واضح رہے کہ طالبان کے افغانستان پر کنٹرول کے بعد امریکہ اور طالبان رہنماؤں کے درمیان یہ پہلا باضابطہ روبرو رابطہ ہے۔

نیڈ پرائس نے اس ملاقات کے حوالے سے یہ نہیں بتایا کہ آیا اس موقع پر کوئی معاہدہ ہوا یا نہیں۔

Exit mobile version