Site icon Daily Sangar

افغان صدراشرف غنی اور نائب صدرامراللہ صالح کابل سے تاجکستان پہنچ گئے

افغانستان کے صدر اشرف غنی اتوار کو دارالحکومت کابل میں طالبان کے داخلے کے بعد بہ ذریعہ طیارہ پڑوسی ملک تاجکستان چلے گئے ہیں۔

کابل سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اشرف غنی کے ساتھ ان کے نائب صدر امراللہ صالح بھی کابل ائرپورٹ سے طیارے پر سوار ہوئے تھے اور وہ پڑوسی ملک تاجکستان پہنچ چکے ہیں۔ان کی کابل سے روانگی کی ایک ویڈیو بھی منظرعام پرآئی ہے۔

اشرف غنی نے فارسی زبان میں ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔اس میں انھوں نے کہا ہے کہ ”وہ ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔وہ اپنے اعمال کے اللہ کے سامنے جوابدہ ہیں۔لوگوں کو اس صورت حال میں ضبط وتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔اللہ تعالیٰ ان حالات میں ہماری مدد فرمائیں اورافغانستان کے ایک پُرامن مستقبل کی جانب ہماری رہ نمائی فرمائیں۔“

ذرائع کے مطابق طالبان کے کابل میں داخلے کے بعد اشرف غنی عہدہ صدارت سے دستبردار ہوسکتے ہیں۔افغان وزارتِ داخلہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ انتقال اقتدارکا عمل پُرامن طریقے سے اور کسی لڑائی کے بغیر مکمل ہوگا۔اس مقصد کے لیے طالبان اوراشرف غنی کی حکومت کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات جاری تھے۔

Exit mobile version