Site icon Daily Sangar

بانک کریمہ کے جسد خاکی کی بے حرمتی پر کل بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی – بلوچ یکجہتی کمیٹی

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں بلوچستان بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دیتے ہوئےکہا ہے کہ آج بلوچ قومی رہنما بانک کریمہ بلوچ کے جسد خاکی کے کراچی پہنچنے کے ساتھ ہی فورسز نے میت کو تحویل میں لے کر ان کی آخری رسومات کی ادائیگی سے روک کر لاش کی بے حرمتی کی۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی قومی رہنما کی لاش کی بے حرمتی کے خلاف کل جنوری 25 کو بلوچستان بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کرکے تاجر برادری سے اسے کامیاب بنانے کی اپیل کرتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ 24 جنوری کی صبح جسد خاکی کے کراچی پہنچنے کے ساتھ ہی فورسز کی ایک بڑی نفری نے جسد خاکی کو ائرپورٹ سے ہی اغواء کیا اور لواحقین کی مرضی کے بغیر انھیں ایمبولینس میں ڈال کر سکیورٹی کے سخت حصار میں ان کے آبائی علاقے تمپ لے جایا گیا.

ریاست کی جانب سے تمام انسانی اقدار کو روندھ کر بانک کریمہ بلوچ کی کراچی میں نماز جنازہ اور آخری رسومات کے ادائیگی کی اجازت نہیں دی گئی جب کہ گھنٹوں انتظار کرنے والی عوام کو آخری دیدار کا موقع بھی نہیں دیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ ریاست نے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے کیچ کے تمام علاقوں میں موبائل نیٹورک بند کردیا اور ہ مواصلات کے تمام ذرائع کاٹ دیے گئے. بانک کریمہ بلوچ کی آخری دیدار کےلیے روٹ کے مختلف مقامات پر موجود عوام کو طاقت کے زور پر راستوں سے ہٹا دیا گیا اور بانک کریمہ بلوچ کے آبائی علاقے تمپ میں کرفیو نافذ کر دی گئی اور تمپ کو جانے والے تمام راستے پر رکاوٹیں ڈال کر بند کردیے گی۔

اپنے بیان کے آخر میں انھوں نے کہا کہ بانک کریمہ بلوچ کو ایک قومی رہنما کی حیثیت حاصل ہے اور انھیں بلوچستان میں نہایت عقیدت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے.عوام کو بانک کریمہ کی آخری دیدار سے روکنا اور نمازجنازہ کی اجازت نہیں دینا تمام انسانی، مذہبی اور قومی اقدار کو روندھنے کے مترادف ہے۔

اِس بیان کے توسط سے ہم اعلان کرتے ہیں کہ کل 25 جنوری کو بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔ہم تمام تاجر برادری سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں۔

Exit mobile version