Site icon Daily Sangar

امریکا، طالبان مابین امن معاہدے پر جلد دستخط ہونگے،پاکستان

پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں امن و استحکام دیکھنے کا خواہاں ہے جبکہ اس معاہدے کے نتیجے میں انٹر افغان مذاکرات کا آغاز ہوگا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل طالبان نے افغانستان میں 7 دن کے لیے پرتشدد کارروائیوں میں کمی کرنے پر اتفاق کیا تھا جس کے بعد امریکا نے طالبان کے ساتھ امن معاہدہ جلد طے پانے کی امید ظاہر کی تھی۔

جنگ بندی پر رضامندی کا حالیہ اعلان ایک امریکی عہدیدار نے کیا، جس سے ایک روز قبل ہی افغان صدر اشرف غنی نے عسکریت پسندوں کے ساتھ بات چیت میں ’قابل ذکر پیش رفت‘ ہونے کا اشارہ دیا تھا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق دفترخارجہ نے افغان صدارتی انتخاب کے نتائج پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ ہم نے افغانستان کے انڈیپنڈنٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے کیے گئے اعلان کو نوٹ کیا ہے، ہم اس حوالے سے پیش رفت کی نگرانی کررہے ہیں اور مناسب وقت پر جواب دیں گے۔

خیال رہے کہ 18 فروری کو افغانستان کے الیکشن کمیشن نے 28 ستمبر کو ہونے والے انتخاب کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے صدر اشرف غنی کو 50.64 ووٹوں کے ساتھ فاتح جبکہ عبداللہ عبداللہ 39.52 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

انتخاب سے قبل چیف ایگزیکٹو کے عہدے کے حامل عبداللہ عبداللہ نے نتائج کو ’ غیر منصفانہ‘ قرار دیتے ہوئے خود کو فاتح قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ 2001 میں طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد یہ چوتھا افغان صدارتی انتخاب تھا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکا، برطانیہ، روس اور ایران سمیت دیگر کئی ممالک اور اقوام متحدہ نے انتخاب کے نتائج پر تنازع کی وجہ سے اس پر تبصرے سے گریز کیا ہے۔

Exit mobile version