جبری لاپتہ رشید بلوچ کے اہلخانہ کی پریس کانفرنس، عدم بازیابی پر شاہراہیں بند کرنے کا الٹی میٹم

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے سامی سے جبری لاپتہ کیے گئے رشید احمد بلوچ کی عدم بازیابی کے خلاف ان کے اہلخانہ نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے مرکزی شاہراہیں بلاک کرنے کا انتباہ دیا ہے۔

سامی بلوچی بازار کے رہائشی رشید احمد ولد فقیر کے اہلخانہ کی خواتین نے تربت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رشید احمد کو 9 ستمبر 2026 کی صبح سامی لنک روڈ سے نامعلوم مسلح افراد حراست میں لے کر لاپتہ کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کو ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود نہ تو ان کا کوئی سراغ مل سکا ہے اور نہ ہی انتظامیہ کی جانب سے ان کی بازیابی کے لیے کوئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران خواتین نے شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ رشید احمد کو بلا تاخیر بازیاب کر کے منظر عام پر لایا جائے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبے پر عملدرآمد نہ کیا گیا اور رشید احمد کی بازیابی ممکن نہ بنائی گئی تو وہ شدید احتجاج پر مجبور ہوں گی اور خطے کی اہم اور مرکزی شاہراہوں کو غیر معینہ مدت کے لیے مکمل طور پر بند کر دیں گی، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

Share This Article